نیویارک،26دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا میں ’’دی ریڈیو سٹی راکٹس‘‘ڈانسنگ گروپ کی جانب سے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کی تقریب میں شرکت کے اعلان نے ایک تنازع کھڑا کر دیا.. اس کی وجہ یہ ہے کہ گروپ کے بعض ارکان نے اس موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں گروپ کے مالکانہ حقوق رکھنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر رکن کو شرکت یا عدم شرکت کا اختیار حاصل ہے۔وہائٹ ہاؤس میں اقتدارکی منتقلی کی تقریب کے منتظمین کو ایسے گلوکاروں اور فن کاروں کی تلاش میں شدید دشوار پیش آ رہی ہے جو تقریب میں شرکت کو قبول کر لیں۔ دنیائے فن سے تعلق رکھنے والے اکثریت منتخب امریکی صدر کے بارے میں ناموافق رجحان کا اظہار کر چکی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اطالوی گلوکار آندریا بوچلے ، کینیڈیئن گلوکارہ سلین ڈیون اور برطانوی گلوکار ایلٹن جان.. ان سب نے ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کی تقریب کی دعوت کو مسترد کر دیا ہے۔
دی ریڈیو سٹی راکٹس کی انتظامیہ کی جانب سے 20جنوری کی تقریب میں شرکت کے اعلان کے بعد گروپ کی ایک رکن ڈانسر فوئبے پرل نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں (جو بعد میں حذف کر دیا گیا)کہا کہ شرکت کے اعلان پر انہیں "شرمندگی اور مایوسی" ہوئی اور یہ ایک بھیانک امر ہے۔گروپ کی مالک کمپنی MSGکا کہنا ہے کہ صدر کی تقریب سمیت ہم نے کبھی کسی ایونٹ میں گروپ کے ارکان کی شرکت کو لازمی قرار نہیں دیا۔ کمپنی کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ 20جنوری کو تقریب میں شرکت کی خواہش مند ڈانسروں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستیں مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہے۔’’راکٹس‘‘گروپ کی ڈانسروں کے علاوہ تقریب میں شرکت کے واسطے حامی بھرنے والی اکلوتی فن کارہ 16سالہ معروف امریکی پوپ گلوکارہ جیکی ایوینکو ہے۔